Friday, 13 January 2012

بھارت: مہدی حسن کو علاج معالجے کی پیشکش

بھارت: مہدی حسن کو علاج معالجے کی پیشکش

بھارت کی ریاست راجھستان کی حکومت نے غزلوں کے ممتاز گائیک مہدی حسن کو بھارت میں علاج معالجے کی پیشکش کی ہے۔
 چوراسی سالہ پاکستانی گلوکار مہدی حسن جنھیں شہنشاہ غزل کہا جاتا ہے راجھستان کے ایک گاؤں لونا میں پیدا ہوئے تھے اور ان کی گائیکی پاکستان اور بھارت میں یکساں مقبول ہے۔
لونا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گاؤں کے لوگ مہدی حسن کی صحت کے لیے دعائیں مانگ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مہدی حسن گزشتہ کافی عرصے سے فالج کے عارضے میں مبتلا ہیں اور گزشتہ دنوں سانس کی تکلیف کے باعث کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زیراعلاج ہیں، ہسپتال میں انھیں وینٹیلیٹر یا مصنوعی طریقے سے آکسیجن فراہم کی جا رہی ہے۔
ریاست راجھستان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے مہدی حسن کے بیٹے عارف حسن سےرابط کیا ہے اور ان کے والد کے بھارت میں علاج معالجے پر اٹھنے والے تمام اخراجات برداشت کرنے کی پیشکش کی ہے۔
راجھستان کے حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے ریاست کے چیف سیکرٹری ایس احمد کو حکم دیا ہے کہ وہ مہدی حسن کے اہلخانہ کے ساتھ رابطے میں رہیں اور انھیں کسی بھی مدد کی ضرورت ہو تو وہ فراہم کی جائے۔
اس سے پہلے راجھستان کی حکومت کی دعوت پر مہدی حسن نے سال دو ہزار میں ریاست کا دورہ کیا تھا۔
اس دورے کے دوران مہدی حسن نے آبائی گاؤں لونا میں اپنے مرحوم دادا امام الدین کی قبر پر دعا بھی مانگی تھی۔
لونا کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ مہدی حسن اپنے بچپن میں پاکستان ہجرت کرنے کے بعد سے تین بار اپنے آبائی گاؤں آ چکے ہیں۔
اس دوران مہدی حسن نے گاؤں کے سرکاری سکول کی عمارت میں دو نئے کمروں کی تعمیر میں بھی مدد کی تھی۔
گلوکار مہدی حسن کی گائیگی بھارت اور پاکستان میں مقبول ہے اور بھارت کی ممتاز گلوکارہ لتا منگیشکر نے ایک بار مہدی حسن کی گائیگی کو’خدا کی آواز‘ سے منسوب کیا تھا۔
مہدی حسن نے آج سے کوئی پچاس سال پہلے گائیگی شروع کی تھی لیکن انھیں شناخت حاصل کرنے میں کافی عرصہ لگا اور اس کے بعد انھیں شہنشاہِ غزل کا خطاب دیا گیا۔

No comments:

Post a Comment